شاداب خان نے انگلینڈ سے سیریز میں شکست کی وجہ مڈل آرڈر کو قرار دیدیا

لاہور(انتخاب نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راو¿نڈر شاداب خان نے انگلینڈ سے سیریز میں شکست کی وجہ مڈل آرڈر کو قرار دیدیا ، کہا کہ مڈل آرڈر اس طرح نہیں کھیل رہے جس طرح توقع تھی۔ انگلینڈ سے ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شکست کے بعد نجی ٹی وی ” جیو نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ میں احتیاطی طور پر بلے بازی کیلئے نہیں آیا ، ورلڈ کپ کیلئے خود کو تیار کرنا ہے ، مڈل آرڈر سے جس طرح کی توقع کی جا رہی تھی وہ اس طرح نہیں کھیل پا رہے۔ شاداب خان نے مزید کہا کہ ہم اٹیکنگ کرکٹ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں ، انگلینڈ کی ٹیم کی خاصیت ہے کہ ان کی وکٹیں گر بھی جائیں تو بھی وہ اٹیک کرتے ہیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ڈومیسٹک سے بھی نہیں آرہے ، ورلڈ کپ سے قبل غلطیوں کو دور کرنے کیلئے محنت کرنا ہوگی مگر اس کیلئے وقت درکار ہے ، ابھی ہماری نیوزی لینڈ سے سیریز ہے ، وہاں سامنے آنے والی خامیوں پر بھی قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی جہاں اس نے 7 ٹی 20 میچز کھیلے ، پہلے 6 میچز میں سے پاکستان اور انگلینڈ نے 3-3 میچز جیتے جبکہ گزشتہ روز فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کو 67 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں