صوبائی حکومت ٹیچنگ ہسپتالوں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، پی ایم اے خضدار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ( پی ایم اے ) خضدار کے جاری کردہ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت مبینہ طور پر صوبے کے نئے قائم شدہ ٹیچنگ ہسپتالوں کو تباہی کرنے پر تلی ہوئی ہے ، متعلقہ حکام نے ایڈہاک پر کام کرنے والے ڈاکٹروں کے کنٹریکٹ میں توسیع کو مسترد کردیا ہے جس کے سبب عین ممکن ہے کہ مذکورہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں کام ٹھپ ہو کر رہ جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئے قائم ٹیچنگ ہسپتالوں میں مستقل بنیادوں پر ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں نہ لانے ، انفراسٹریکچر نہ بنانے اور تین میڈیکل کالجز سمیت ڈی ایچ کیوز کا ہیلتھ پروفیشنل الاﺅنس سے طب کے شعبے سے وابستہ افراد میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے بلکہ اس سے واضح ہورہا ہے کہ حکومت نئے ٹیچنگ ہسپتالوں کو پنپنے نہیں دے رہی جس کی پی ایم اے خضدار نہ صرف مذمت کرتی ہے بلکہ پورے صوبے کے ٹیچنگ فیکلٹی کے ساتھ مل کر اس کے خلاف لائحہ عمل طے کرکے ہر پلیٹ فارم پر احتجاج کرے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایم اے خضدار کسی کو بھی صحت کے شعبے کو تباہ کرنے نہیں دے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بھی ہسپتالوں او رصحت کے شعبے کی بہتری کے لئے ان کا ساتھ دیں تاکہ انہیں ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات میسر آسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں