بلوچستان میں لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی بسر کررہے ہیں ,ڈاکٹر مالک بلوچ

گوادر :نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کراچی میں ذکری فرقے کے روحانی پیشوا اور سابق نگران وزیر بلوچستان سید منظور شاہ کی عیادت کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں کے درمیان موجودہ علاقائی ،سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملا قات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سکریٹری فدا حسین دَشتی، صوبائی ماہی گیر سکریٹری آدم قادربخش، سینئر رہنما محمد حیاتیان، سید منظور شاہ کے صاحبزادہ سید سراج شاہ، ماسٹر خان محمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بلوچستان بھر میں تباہی مچادی اور موجود حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اب تک لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی بسر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب متاثرین کو اب تک امداد فراہم نہیں کیا گیا اور جس کی وجہ سے علاقے میں بھوک اور افلاس بڑھ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں