زرداری کی تمام رپورٹس تسلی بخش قرار، فوری بیرون ملک منتقلی کی ضرورت نہیں، طبی ماہرین

کراچی (انتخاب نیوز) سابق صدراور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا طبی معائنہ کرنے والی ٹیم واپس دبئی پہنچ گئی ہے،جو ٹیسٹ رپورٹس کے تجزیے کے بعد اپنی حتمی رائے دے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے اپنے دورہ پاکستان میں سابق صدر کے کئی اقسام کے ٹیسٹ کرائے۔ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹرز سابق صدر کے تمام ٹیسٹ رپورٹس ریکارڈ ساتھ لے گئے۔ ٹیم اب تک ہونے والے علاج سے متعلق تمام ریکارڈ بھی لے گئی ہے وہ ان ٹیسٹوں کا تجزیہ کرنے کے بعد حتمی رائے قائم کرے گی۔ذرائع نے بتایاکہ سابق صدرآصف علی زرداری کے میڈیکل ٹیسٹ رپورٹس کو دبئی سے آنے والی ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم نے تسلی بخش قرار دے دیا۔دبئی سے آنے والے ڈاکٹرز کو پاکستانی معالجین نے بھی آصف زرداری کے علاج اور تمام ٹیسٹس سے متعلق بریف کیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے کہاکہ آصف زرداری کا علاج درست سمت میں کیا جارہا ہے اور ان کی تمام رپورٹس تسلی بخش ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ آصف علی زرداری کو فوری طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کی ضرورت نہیں۔ذرائع نے بتایاکہ سابق صدر کو بیرون ملک جانے کی ضرورت پیش آئی بھی تو وہ عام چارٹرڈ فلائٹ سے جا سکتے ہیں ، ان کی صحت اتنی خراب نہیں کہ ایئر ایمبولینس بلانے کی نوبت پیش آئے۔آصف زرداری کے معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم واپس یو اے ای روانہ ہو گئی۔ذرائع نے بتایاکہ تینوں طبی ماہرین کی ٹیم کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے متحدہ عرب امارات روانہ ہوئی ۔اس سے 2 روز قبل ان کی صحت میں بہتری آنے کی خبریں موصول ہوئی تھیں، ڈاکٹرز نے تمام ضروری ٹیسٹ مکمل کرکے بہتری کی اطلاع دی تھی۔سابق صدر کو اسپتال سے بلاول ہاﺅس منتقل کیا جانا تھا تاہم یہ منتقلی ڈاکٹرز کی حتمی اجازت سے مشروط تھی۔واضح رہے کہ آصف علی زرداری کو سانس لینے میں مشکل کے باعث 27 ستمبر کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے پھیپھڑوں کا پروسیجر اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔سابق صدر ایک ماہ سے زائد کے عرصے سے علیل ہیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی سربراہی میں ڈاکٹروں کے بورڈ نے آصف زرداری کا طبی معائنہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں