پشتون عوام کو شعوری سیاست کا حصہ بنانے کیلئے تنظیمی دوست کردار ادا کریں، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ منظم تنظیم متحرک کارکن تنظیمی ڈسپلن اور پارٹی اداروں کی بالادستی کسی بھی سیاسی جماعت کی فعالیت اور مکمل طور سرگرم رہنے کی بنیاد ہوتے ہیں۔نیشنل پارٹی عوامی سیاسی جمہوری جماعت ہے پارٹی تنظیم کا دائرہ کار کو بلوچستان بھر میں پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔جب مکمل بلوچستان میں نیشنل پارٹی کو متحرک و مضبوط کرنے میں کامیاب ہوگئے تب کوئی بھی غیر سیاسی بندہ و گروہ عوام کے ووٹ کو چوری نہیں کرسکے گی۔پشتون ریجن میں پارٹی بتدریج منظم ہورہی ہے۔ پارٹی کارکن عوام سے رابطے میں رہے اور پارٹی پیغام کو پشتون عوام تک پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشتون ریجن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس ریجنل سیکرٹری ملک منور پانئیزئی منعقد ہوا۔ اجلاس کی کارروائی ندیم میانی ڈپٹی ریجنل سیکرٹری نے چلائی۔ اجلاس میں زیارت موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، ژوب سمیت دیگر اضلاع کے رہنماں نے شرکت کی۔ خیر بخش بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلارنگ و نسل و مذہب کے تمام عوام کی جماعت ہے جس میں تمام اقوام کی نمائندگی ہے۔ نیشنل پارٹی کی عوامی سیاست و پارٹی قیادت کے بلند کردار وعمل کی بدولت عوام کو رجحان نیشنل پارٹی کی طرف ہے۔ اس لیے بلوچستان بھر میں عوام نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ پشتون عوام کو شعوری سیاست کا حصہ بنانے کیلئے تنظیمی دوست اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی تنظیمی ساخت اندرونی جمہوریت اجتماعی قیادت و فیصلے اور تنقید خود تنقیدی کا عمل دیگر جماعتوں سے ممتاز بناتی ہے۔نیشنل پارٹی سیاست کی اصل روح تنظیم و سیاسی کارکن کو قرار دیتی ہے۔پشتون ریجن کی قیادت کی جدوجہد کو قابل تحسین و قدر ہے۔


