قائل ہوں کہ عمران خان کی حکومت ختم کرنے کیلئے سازش کی گئی،صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت ہٹانے کے لیے سازش کی گئی،اس کا قائل ہوں، اسی لیے سپریم کورٹ کو خط بھی بھیجا کہ اس معاملے کی تحقیقات کر لی جائیں۔صدر عارف علوی نے ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں کہا ہےکہ عمران خان کو سو فی صد سچا مانتا ہوں، عمران کا بیانیہ بھی سچا ہے،جب چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر سے متعلق مجھے خط لکھا تو میں مکمل طور پر قائل تھا اور ابھی تک قائل ہوں۔

ان کاکہنا تھا کہ سائفر اور غیر ملکی سازش سے متعلق میرا بیان غلط پیش کیا گیا میں اس بات کا قائل ہوں کہ عمران خان حکومت ختم کرنے کے لیے سازش کی گئی۔انٹرویو کے دوران صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ 100 فیصد متفق ہیں کہ عمران خان کے خلاف سازش ہوئی؟جس کا جواب دیتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ میں نے سازش کے حوالے سے سو فیصد کا لفظ استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کا حامی ہوں، میرے کچھ تعصبات ہیں،میں چھوٹا آدمی ہوں، بڑی جگہ پر آ گیا ہوں، یہاں ہونا ڈیزرو نہیں کرتا، پی ٹی آئی میرا ماضی ہے اور میرا مستقبل بھی پی ٹی آئی ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ قبل ازوقت انتخابات کا کہہ نہیں سکتا مگر خواہش ہے کہ جلد از جلد انتخابات ہوجائیں جبکہ فوج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فوج کا اچھا کردار ہے اور آئین میں درج ہے،فوج اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہتی ہے اور ہم بھی چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں