جیکب آباد میں خود ساختہ مہنگائی آل پارٹیز کا احتجاج، ڈی سی آفس پر دھرنا

جیکب آباد (نمائندہ انتخاب) جیکب آ باد میں خود ساختہ مہنگائی، سبزی منڈی میں ماشہ خوری اور من پسند ریٹ مقرر کرنے کے خلاف احتجاج، ڈی سی آفیس کے سامنے دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں خود ساختہ مہنگائی، سبزی منڈی میں ماشہ خوری اور من پسند ریٹ مقرر کرنے کے خلاف ایس ٹی پی، جے یو آئی، پی پی شہید بھٹو، چیمبرس آف کامرس، صرافہ یونین اور دیگر تنظیموں کی جانب سے صرافہ چوک سے ڈاکٹر اے جی انصاری، عبدالستار جاگیرانی، سعید احمد بروہی، میر احمد علی خان بروہی کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا، مظاہرین شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ڈی سی چوک پر پہنچے جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا بعد ازاں مظاہرین نے پریس کلب اور ڈی سی آفیس کے سامنے بھی دھرنے دئیے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی ہے اور جینا دوبھر کردیا ہے تو دوسری طرف جیکب آباد میں من پسند ریٹ مقرر کرکے عوام کو مزید عذاب میں مبتلا کردیا گیا ہے اور جیکب آباد کی بڑی سبزی منڈی میں ماشہ خوروں کی جانب سے من پسند ریٹ مقرر کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر خود ساختہ مہنگائی بند نہ کی گئی تو احتجاج کو دائرہ بڑھایا جائے گا۔بعدازاں مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد سے ملاقات کی اور خود ساختہ مہنگائی اور سبزی منڈی میں ماشہ خوری کے خلاف شکایات کیں ڈپٹی کمشنر نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ منافع خوروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں