نیٹو تصادم سے باز رہے ، دنیا تباہ ہوجائے گی ، روسی دھمکی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ نیٹو نے یوکرین میں روسی فوج سے جنگ چھیڑی تو دنیا تباہ ہوجائے گی۔ پیوٹن نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نیٹو کی جانب سے کسی بھی تصادم کا نتیجہ خطرناک اور عالمی سطح پر تباہ کن ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین پر مزید بڑے حملوں کی ضرورت نہیں ہے۔یوکرین کو تباہ کرنا روس کا مقصد نہیں، اگر یوکرین میں کارروائی نہ کرتے تو ہمارا ملک تباہ ہو جاتا۔ حملوں کے دوران یوکرین میں صرف اہداف کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجیوں کی نقل و حرکت کا عمل جلد ختم ہو جائے گا۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شزادہ محمد بن سلمان نے یوکرین کے لیے انسانی بنیادوں پر 40کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جمعہ کے روز شہزادہ محمد بن سلمان اور یوکرینی صدر کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس موقع پر یوکرینی صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور امداد پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اقوم متحدہ میں یوکرینی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے منظور کر دہ قرار داد کی حمایت پر سعودی عرب کے موقف کو سراہا۔ ادھر روس کے سرحدی شہر بلگورود میں ایندھن کے ذخیرے پر بمباری کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ بلگورود کے گورنر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر تصویر بھی جاری کی۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی یوکرینی فوج کی کارستانی ہے۔


