وزیراعظم لا پتہ ہیں یا مفرور ہیں,نفیسہ شاہ

اسلام آباد:پا کستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں عدم شرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یا تو وزیراعظم لا پتہ ہیں یا مفرور ہیں اور یا غیرذمے دار ہیں۔ انہوں نے ایک بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی قومی اسمبلی کو کورونا وباء کے سلسلے میں اعتماد میں لینے کی زحمت گوارہ کی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم ہر تیسرے روز غیر منتخب لوگوں کو ساتھ بٹھا کر ٹی وی کے ذریعے پرانی تقریر دہراتے ہیں اور کورونا کے نقصانات کا ملبہ عوام پر ڈال کر راہِ فرار اختیار کرتے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا اجلاس تو بلایا مگر حکومتی وزراء کورونا پر بات کرنے کی بجائے اپوزیشن پر ذاتی حملے کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ نالائق وزیراعظم کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا ہے نالائق وزیراعظم نے قوم کو اتفاق رائے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان خود کو وزیراعظم ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کے غیرمنتخب لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر میڈیا پر بھاشن دیتے ہیں جو میڈیا اور قوم کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں