اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی نوجوان کی شہادت،مغربی کنارے میں مکمل ہڑتال
بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک)دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی نوجوان کی شہادت کے بعد مغربی کنارے میں مکمل ہڑتال کردی گئی۔ 20 سالہ فلسطینی عدی تمیمی کو یہودی بستی کے داخلی راستے پر اسرائیلی فوج نے براہ راست فائرنگ کانشانہ بنایا تھا۔ ہڑتال کی کال تحریک الفتح نے دی تھی،جس کے بعد مشرقی بیت المقدس ، رام اللہ، الخلیل، بیت لحم، طولکرم اور جنین میں تمام شعبوں کے افراد نے ہڑتال میں حصہ لیا۔ اس دوران سکول، یونیورسٹیاں ، فلسطینی اتھارٹی کے ادارے اور این جی اوز کے دفاتر بھی بند رہے۔ دیہات اور کیمپوں میں بھی تاجروں نے شہید تمیمی سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دکانیں بند رکھیں۔ ادھر اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپید نے عدی تمیم کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے سیکورٹی فورسز کو مبارک باد پیش کی۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ عدی تمیمی شعفاط کیمپ پر حملے کے بعد ایک اور حملے کی تیاری کر رہا تھا۔ یاد رہے شعفاط کیمپ پر حملے میں اسرائیلی خاتون فوجی ہلاک ہوئی تھی۔


