اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا فلسطینی دم توڑ گیا
قلقیلیہ (صباح نیوز) اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی فلسطینی 32 سالہ رابی عرفہ رابی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ رابی عرفہ کو اسرائیلی فوج نے قلقیلیہ میں چوکی نمبر 109پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں فلسطین کے ایک سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاںزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رابی عرفہ رابی شہید کے والد نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے اس کے بیٹے کو بے دردی کے ساتھ گولیاں مار کرشہید کیا،بیٹی کی شادی کی تیاری جاری تھی اور آئندہ جمعہ اس کی نکاح کی تقریب طے تھی۔فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نوجوان انتہائی تشویشناک حالت میں درویش نازل ہسپتال پہنچایا گیا۔ اس کے سر میں چوٹ لگنے کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ رابی نے اپنی گاڑی سے آباد کاروں کو زخمی کرنے کی کوشش کی اور ایک آباد کار کوزخمی بھی کیا۔اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی گاڑی کو اس کی تلاشی کے لئے روکا، جس کے دوران ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی اور ایک فوجی کے پاﺅں کو روند ڈالا۔ فوجی معمولی زخمی ہواجبکہ قابض فوج کے ترجمان نے کہا کہ ڈرائیور نے مزدوروں کے ایک گروپ کو کراسنگ کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی۔شہید رابی عرفہ رابی کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کی اگلے جمعہ کو شادی ہونے والی تھی۔


