بلوچستان اسمبلی ایک ٹھیکیدار کمپنی کی مانند ہوچکی ہے، کوئٹہ کا کوئی پرسان حال نہیں، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام یونٹ سازی کا عمل شروع ہوچکا ہے، افتتاحی یونٹ دین محمد بنگلزئی اسٹریٹ پودگلی چوک مکمل ہوا۔ نیشنل پارٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام یونٹ سازی کے پہلے مرحلے میں افتتاحی یونٹ دین محمد بنگلزئی اسٹریٹ پودگلی چوک میں ہوا جس کے مطابق اختر بنگلزئی یونٹ سیکرٹری جبکہ محمد اکرم ڈپٹی یونٹ سیکرٹری منتخب ہوثے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر و رکن مرکزی کمیٹی حاجی عطاءمحمد بنگلزئی، صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار، ضلع کوئٹہ کے فنانس سیکرٹری سعید سمالانی، تحصیل پی بی 43 کے صدر حاجی بابل بنگلزئی، یونس بلوچ، حاجی کبیر بنگلزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک مضبوط تنظیم ہی قومی جماعت کی تشکیل میں اہم کردارادا کرتی ہے، اس وقت پورے بلوچستان میں نیشنل پارٹی کے لیے عوام کا بھرپور مثبت رجحان پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے پارٹی میں شمولیتی تقاریب کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ بڑے زور و شور سے جاری ہے۔ ضلع کوئٹہ میں یونٹ سازی کا عمل شروع ہوچکا ہے، انہوں نے کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مرحلے کو تیزی سے جاری رکھتے ہوئے وقت پر مکمل کریں، آنے والا دور نیشنل پارٹی کا ہے۔ ہم جب تک ووٹ کے ذریعے صوبائی اسمبلی کو سیاسی کارکنان سے نہیں بھریں گے اس وقت تک عام عوام کی زندگی بد سے بدتر ہوتی رہے گی۔ آج پوری صوبائی اسمبلی ایک ٹھیکیدار کمپنی کی مانند ہوچکی ہے، جہاں کرپشن کمیشن اورکک بیکس کے علاوہ وزارت اعلیٰ سے لیکر سینیٹ کی نشست تک سبھی سیاسی ٹھیکیداروں کے قبضے میں ہیں۔ ایسا کوئی دن نہیں جب کوئی احتجاج نہ ہو مختلف طبقہ فکر کے لوگ اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں مگر اس نااہل سلیکٹڈ حکومت مع فرضی اپوزیشن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کوئٹہ اس وقت مکمل مسائلستان بنا ہوا ہے، کوئٹہ پیکج کے نام پر ترقیاتی منصوبے تعطل یا نہایت سست روی کا شکار ہیں، سیلاب متاثرین کے معاوضے اب تک جاری نہیں ہوسکے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر جمع ہیں، عوام گیس کی سہولت سے محروم ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ 9 ایم پی اے اور 3 ایم این اے کوئٹہ سے ہونے کے باوجود کوئٹہ ناپرسان حال ہے۔ نیشنل پارٹی ان تمام مسائل سے آگاہ ہے لہٰذا ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نیشنل پارٹی کو مضبوط کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں