واشک میں پینے کے پانی کی قلت، محکمہ پی ایچ ای سہولت فراہم کرنے میں ناکام

واشک (نامہ نگار) واشک شہر میں پینے کے صاف پانی کی قلت، تین واٹر سپلائی اسکیمات ہونے کے باوجودکوٹہگی، علیان، کوبن کے سینکڑوں باسی پینے کے صاف پانی سے محروم، جوہڑوں کا پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ جدید دور میں سرکاری خزانہ کو اخراجات سے بچنے کے لیئے بلوچستان کے اکثر اضلاع میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی واٹرسپلائی سولر سسٹم سے منسلک ہوچکی ہیں مگر واشک کی واٹرسپلائی اسکیمات تاحال ڈیزل پر چل رہی ہیں جو کہ محکمہ کی جانب سے کرپشن کا ایک بڑا اور اہم ذریعہ ہے۔ محکمہ پی ایچ ای واشک شہر میں پینے کی صاف پانی کی قلت پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے اور لوگ جوہڑوِں کا گندے پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، اکثر ضلع کے ضلعی ہیڈکواٹر واشک میں گلے و بخار کی بیماری بڑھ گئی ہے۔ واشک شہر میں محکمہ پی ایچ ای کا کوئی ذمہ دار ڈیوٹی پر موجود نہیں جبکہ پورا محکمہ وال مینوں کے رحم و کرم پر ہے عوام پانی کے حصول کے لیئے جائیں تو کہاں جائیں۔ واشک کے سماجی حلقوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان کے ذمہ داران سے پانی کی قلت اور متعلقہ اداروں کے ملازمین کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں