سی ٹی ڈی کی نوشہرو فیروز میں کارروائی، غفار ڈومکی گرفتار، اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ
نوشہرو فیروز (انتخاب نیوز) سندھ پولیس کے کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے نوشہرو فیروز میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے رکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی سکھر کے مطابق بے نظیر آباد سی ٹی ڈی کے عملے نے خفیہ اطلاع پر نوشہرو فیروز میں لنک روڈ پر کارروائی کرکے غفار ڈومکی ولد مراد ڈومکی کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم سکھر میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا، ترجمان کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھتا ہے، مبینہ طور پر ملزم اپنے ساتھی عزیز ڈومکی اور مٹھا خان ڈومکی کے ساتھ مل کر ماضی میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا۔ ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان سینٹرل جیل خیرپور میں قید ہیں، ترجمان کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کے لیے اسلحہ کی ترسیل کے کام پر مامور تھا، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے


