سیلاب سے بلوچستان میں ایریگیشن سسٹم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، صوبائی وزیر آبپاشی

تمبو (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں ایریگیشن سسٹم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے پٹ فیڈر کینال کو 20 روز کے اندر اندر بحال کرکے علاقے میں پانی کی سپلائی شروع کردی گئی تھی یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ہے صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لہڑی ہاوس ڈیرہ مراد جمالی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ سیلاب نے جہاں دیگر شعبوں کو متاثر کیا وہیں پر ایریگیشن کے انفرااسٹرکچر کو بھی بہت تباہ کرکے محکمے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا وقت ہے مگر چند ناتجربہ کار سیاستدان ایک بوری راشن پر اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کی کوشش کررہے ہیں یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد اور ان کی بحالی کا ہے انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے سروے کا عمل چند دنوں میں مکمل کرکے صوبائی حکومت کو موصول ہونے پر ان کی بحالی اور گھروں کی مد میں متاثرین کو امدادی گرانٹ ملنا شروع ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن ریلیف کا سلسلہ جاری ہے راستے نہ ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ریلیف کا سلسلہ شروع نہیں ہوسکا تھا اب راستے بن گئے ہیں اور ریلیف کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ان کی ہرممکن امداد کو یقینی بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جلد ہی زمینداروں اور کسانوں کو سبسڈی پر بیج اور کھاد بھی فراہم کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں