گوادر میں اعلیٰ درجے کی یونیورسٹی کے قیام پر قانون سازی کی جائے، بی این پی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس میں بی این پی کے رکن اسمبلی میر حمل کلمتی نے اپنی اور اختر حسین لانگو کی مشترکہ قرار داد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہر گاہ کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ رجسٹریشن آف کوالٹی انشورنس ایک اعلیٰ درجے کی یونیورسٹی گوادرمیں قائم کرنے جارہی ہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاق سے رجوع کرے کہ وہ مذکورہ یونیورسٹی کے قیام کے بابت فوری طور پر قانون سازی کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ گوادر میں اعلیٰ درجے کی یونیورسٹی کا قیام اور علاقے کے لوگوں کو اعلی تعلیمی سہولیات میسر ہوسکےں۔ قرار داد کی موضوعیت پر بات کرتے ہوئے میر حمل کلمتی نے کہاکہ گوادر میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں ہوئی اس سلسلے میں صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے قانون سازی سے متعلق رجوع کرے یہ واحد یونیورسٹی ہے جس سے صوبے کے نوجوان استفادہ حاصل کریں گے بی این پی کے رکن اسمبلی اختر حسین لانگو نے کہاکہ گوادر میں بننے والی ریسرچ یونیورسٹی سے معدنی شعبے، ماہی گیری اور وسائل میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی، لائیو اسٹاک زراعت و دیگر شعبوں میں بھی اسکے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ بعد ازاں قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں