میرے ساتھ جسمانی اور اخلاقی زیادتی ہوئی، سچائی سے آواز بلند کروں گا، اعظم سواتی
اسلام آباد(انتخاب نیوز)سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انشااللہ اس ملک کی عدالتیں انصاف کے لیے کھلیں گی۔اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما و سینیٹر اعظم سواتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس سے اللہ پردہ اٹھائے گا۔ میرے گھر کے ملازمین کو مارا پیٹا گیا، مجھے پوتیوں کے سامنے مارا۔ ڈاکٹروں سے پوچھا جائے کہ کس کے کہنے پر تشدد کے نشانات مٹائے۔ انھوں نے گوانتا ناموبے کی تاریخ کو دوہرایا ہے۔اعظم سواتی نے کہا کہ ایف آئی اے نے مجھے سول کپڑوں والوں کے حوالے کیا ہے۔ میں نے آج کوئی سیاسی بات نہیں کرنی۔ ہماری قوم اور عدالتیں آپ کے پورے عمل کو دیکھیں گی۔ مجھے میرے وکلا نے کہا اپنے الفاظ کو لکھ کر آپ نے پریس کانفرنس کرنی ہے۔ میرے ساتھ جسمانی اور اخلاقی زیادتی ہوئی، سچائی سے آواز بلند کروں گا۔ قانون و تحقیق سچ سامنے لائے گی۔سینیٹراعظم سواتی نے کہا ایف آئی اے اسلام آباد سائبرکرائم ونگ اور رانا ثنائ اللہ میرے ہر ظلم کے قصوروار نہیں بلکہ یہ چھوٹے اداکار ہیں۔ ان کو بتانا ہوگا کس کے کہنے پر انہیں نے میرے پر ایف آئی آر درج کی اور میرے گھر والوں کے سامنے میرے ہر تشدد کیا۔انھوں نے کہا کہ ماتحت عدالتوں سے بھی پوچھ گچھ ہوگی۔ انشااللہ اس ملک کی عدالتیں انصاف کے لیے کھلیں گی۔ صدر پاکستان، سپریم کورٹ، پارلیمنٹ کے تمام اراکین سے توقع کرتا ہوں کہ مجھ پر ہونے والے بے انتہا ظلم کی تحقیق کی جائے۔


