دنیا بھر میں چینی پولیس کے تفتیشی مراکز کا انکشاف
ایمسٹرڈیم (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چینی پولیس کے غیر قانونی تفتیشی مراکز موجود ہونے کا انکشاف ہوگیا۔ نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ان رپورٹس کی تحقیقات کر رہی ہے، جن کے مطابق چین نے نیدرلینڈز میں 2غیر قانونی پولیس اسٹیشن قائم کر رکھے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان میکسم ہوونکیمپ نے کہامضبوط شواہد کے بعد ہم کارروائی کریں گے۔ چینی حکومت نے ہمیں کبھی بھی سفارتی ذرائع سے ان مراکز کے بارے میں آگاہ نہیں کیا اور صرف یہی بات ان مراکز کے غیر قانونی ہونے کے لیے کافی ہے۔
ادھر کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھی چینی کے غیر قانونی پولیس اسٹیشن کی تحقیقات کررہے ہیں۔ اسپین میں قائم انسانی حقوق کی این جی او سیف گارڈ ڈیفنڈرز کا اپنی ایک رپورٹ میں کہنا ہے کہ یورپی یونین کے 12 ممالک سمیت 5 براعظموں کے درجنوں ممالک میں چینی پولیس کے اسٹیشن موجود ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیجنگ 2018 ء سے دھوکادہی اور ٹیلی کمیونکیشن فراڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم چینی افراد کو نشانہ بنانے کی مہم میں مصروف ہے۔


