موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات ترقی یافتہ ممالک پورے کریں،جان کیری

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مالی بوجھ ترقی یافتہ ممالک برداشت کریں۔ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی بوجھ برداشت کرنا چاہیے۔

پریس بریفنگ کے دوران ان کاکہنا تھا کہ ترقی پزیر ممالک کا گلوبل وارمنگ میں سب سے کم حصہ ہے، لیکن ان میں سے اکثریت ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرے کی زد میں ہیں۔

جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔ان کی وجہ وہ 20 ممالک ہیں جو سب سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 17 ممالک براعظم افریقامیں موجود ہیں، اور افریقی ممالک دنیا بھر میں ہونے والے کاربن اخراج میں سے صرف 3فیصد کے لیے ذمے دار ہیں۔

انہوں نے اگلی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ28 کے امارات میں انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اماراتی صدر کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی حدت کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ اگر درجہ حرارت 1.5 سینٹی گریڈ کی حد سے آگے بڑھا تو دنیا پر اس کے شدید خطرناک اثرات مرتب ہوں گے۔واضح رہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو حد سے نیچے رکھنے کا کوئی قابل اعتبار راستہ موجود نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں