بلوچستان کے تین میڈیکل کالجز کے طلباء کی رجسٹریشن ہوگئی

کوئٹہ (آئی این پی) سیکرٹری صحت بلو چستان حافظ محمد طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن اسلام آباد نے بلوچستان کے تین میڈیکل کالجز جن میں مکران میڈیکل کالج تربت، جھلاوان میڈیکل کالج خضدار اور لورالائی میڈیکل کالج لورالائی شامل ہیں کے600اسٹوڈنٹس کی رجسٹریشن کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،ان کے مطابق تینوں میڈیکل کالجز کی رجسٹریشن کے بعد پاکستان میڈیکل کمیشن نے ان میں زیر تعلیم اسٹوڈنٹس کے رجسٹریشن کے لئے خصوصی امتحان کا اعلان کیا تھاجس پر حکومت بلوچستان کے اعلی سطح کے وفد جس کی سربراہی چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، پرنسیپل میڈیکل کالجز نے کی تھی 15 فروری 2022 کو کونسل کے ممبران کے ساتھ اجلاس میں اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کو کہا تھا۔دس مارچ 2022کو دوسرے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیر تعلیم اسٹوڈنٹس کے پرچوں اور امتحانات کا جائزہ لے کر مکمل ریجسٹریشن پر فیصلہ کیا جائے گا۔ پی ایم سی نے 24 اکتوبر کو کونسل کے اجلاس بلوچستان سے نمائندے پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی نے رپورٹ پیش کرنے کی درخواست کی تھی اجلاس میں جائزہ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دے کر تمام اسٹوڈنٹس کی رجسٹریشن کی منظوری دی۔کونسل نے یکم نومبر کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرکے تمام 600 اسٹوڈنٹس کی رجسٹریشن کا اعلان کیا۔حکومت بلوچستان مسئلے حل کرنے پر پاکستان میڈیکل کمیشن کا مشکور ہے۔کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے لورالائی میڈیکل کالج لورالائی، مکران میڈیکل کالج تربت اور جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے سابقہ میڈیکل طلباء کی رجسٹریشن مسلۂ کے حل کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایم سی کے اس احسن اقدام سے ہمارے میڈیکل کالجز کے طلباء کا مستقبل محفوظ ہوگا اور وہ سکون سے اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے طلباء کی سہولت کے لیے رجسٹریشن پورٹل کا قیام ایک اچھا اقدام ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء اب خضدار لورالائی اور تربت کے میڈیکل کالجز میں اپنی تعلیم بہتر انداز سے جاری رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت طلباء کے لیے تعلیم دوست پالیسیاں بنا رہی ہے اور تعلیم کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں