دھرنوں سے سڑکوں کی بندش ، کمشنر ،ڈی سی ،سی پی او روالپنڈی لاہورہائیکورٹ طلب
راولپنڈی(انتخاب نیوز)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص ر ﺅف نے راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تین روز سے جاری احتجاجی دھرنوں اور سڑکوں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر کمشنر، ڈپٹی کمشنر،سی پی او اور سی ٹی اوراولپنڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں آج (جمعہ کو) طلب کر لیا۔ ایڈووکیٹ محمد صالح مند نے آرٹیکل 199کے تحت درخواست دائر کرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی جماعت کے احتجاج کے باعث عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، شہر کی اہم شاہراہوں کو بند کر کے عوام کو کئی روز سے مشکل میں ڈالا گیا ہے۔ درخواست میں یہ بھی مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں اور کاروبار متاثر ہو رہا ہے، ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او،اور سی ٹی او سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعہ کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔


