امریکی فضائیہ کا ’خلائی طیارہ‘ اپنے خفیہ مشن پر روانہ

امریکی فضائیہ نے ایک اٹلس فائیو راکٹ کو کامیابی سے خلا میں لانچ کر دیا ہے جس میں ایک خفیہ مشن سرانجام دینے کے لیے ایکس 37 بی خلائی طیارہ بھی شامل ہے۔یہ راکٹ کیپ کیناویرال کے خلائی اڈے سے سنیچر کو لانچ کیا جانا تھا تاہم خراب موسم کے باعث اسے اتوار کو لانچ کیا گیا۔آربیٹل ٹیسٹ وہیکل (او ٹی وی) کہلانے والا طیارہ ایک سیارچے کو مدار میں چھوڑے گا اور پاور بیمنگ ٹیکنالوجی یعنی لہروں کے ذریعے توانائی کی منتقلی کی بھی آزمائش کرے گا۔یہ اس طیارے کا خلا میں چھٹا مشن ہو گا۔اس مشن کی لانچنگ کو کورونا کے خلاف صفِ اول پر لڑنے والے کارکنوں اور اس سے متاثر ہونے والوں کے نام کیا گیا تھا۔ایکس 37 بی ایک خفیہ پروگرام ہے اور اس کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ پینٹاگون نے اس ڈرون کے مشنز اور اس کی صلاحیتوں کے بارے میں ماضی میں بہت کم معلومات جاری کی ہیں۔
Load/Hide Comments


