افغانستان: افغان خواتین کے جم، حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد

کابل(این این آئی)طالبان نے تصدیق کردی ہے کہ افغان خواتین کے اب جم اور عوامی مقامات پر واقع حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔یہ فیصلہ خواتین پر پارک اور دیگر تفریحی مقامات اور میلوں پر پابندی عائد کیے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد سے افغان خواتین کی عوامی زندگی اور آزادیوں کو دبایا جا رہا ہے جبکہ افغان طالبان نے 2001 میں ختم ہونے والے اپنے سابقہ دور حکومت کی نسبت اس مرتبہ نرمی کے ساتھ حکومت کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔سرکاری ملازمت پر موجود زیادہ تر خواتین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں یا انہیں گھر بٹھا کر پیسے ادا کیے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کو کسی مرد رشتہ دار کے بغیر سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے اور گھر سے باہر نکلتے وقت ان کے لیے خود کو برقع یا حجاب سے ڈھانپنا ضروری ہے، اسی طرح سے طالبان کی اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں نوعمر لڑکیوں کے اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں