مسٹر پرفیکٹ عامر خان کا انڈسٹری سے مختصر چھٹی لینے کا اعلان، والدہ کیساتھ وقت گزاریں گے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے سْپر اسٹار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مختصر عرصے کیلئے اداکاری سے وقفہ لینا چاہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں ’مسٹر پرفیکٹ‘ کے نام سے مشہور عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب فلموں سے ایک یا ڈیڑھ سال کا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنے کے باعث فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اب وہ زندگی مختلف طریقے سے جینا چاہتے ہیں۔ عامر خان نے کہا کہ ’جب میں بطور اداکار فلمیں کرتا ہوں تو اس طرح مصروف ہو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں بچتا، میں لال سنگھ چڈھا کے بعد چیمپیئنز نامی ایک فلم کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا جس کی کہانی بہت خوبصورت اور دل کو بھانے والے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مجھے وقفہ لینا چاہیے تاکہ میں اپنی فیملی، اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہ سکوں میں یہ کام 35 برس سے کر رہا ہوں اور میں نے پوری توجہ سے یہ کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ ٹھیک نہیں کر رہا‘۔عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ چند سال اداکاری نہیں کریں گے تاہم بطورِ پروڈیوسر کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں