ریڈیو پاکستان کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین پنشن سے محروم ہو گئے
بیلا(انتخاب نیوز)ریڈیو پاکستان کے سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین کی کمیوٹیشن روک رکھنے کے بعد اب ہزاروں ملازمین کو پنشن سے بھی محروم کردیا گیا ہے – انجینئر ریٹائرڈ نصراللہ لاسی ، جو خود متاثرین میں شامل ہیں ، کے مطابق ماہ اکتوبر کی پنشن نومبر کا آدھا مہینہ گزر جانے کے بعد بھی آدھے مہینے کی پنشن اکانٹس میں بھیجی گئی ہے جو عمر رسیدہ ریٹائرڈ ملازمین اور جو اس دنیا میں اب نہیں رہے ان کی بیواں اور بے سہارا بچوں کے ساتھ انتہائی ظلم ہے انہوں نے سوال کیا کہ آخر کوئی بتائے تو سہی کہ کس قانون کے تحت یا کس پالیسی کی بنیاد پر آدھے مہینے کی پنشن کی ادائیگی عمل میں لائی گئی ہے ؟ انجینئر لاسی نے اس امر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ملازمین جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا اور بہترین حصہ ریڈیو پاکستان کی خدمت میں گزارا ، آج بڑھاپے میں اپنی پنشن کے حصول کے حق کیلئے بھی طویل انتظار کی اذیت سے دوچار کر دیے گئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ کوئی حکومت یہ کہہ کر بری الزمہ قرار نہیں پا سکتی کہ اس کے پاس وسائل نہیں ہیں ‘ وسائل پیدا کرنا حکومت کا کام ہوتا ہے اور عوام اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے اسی طرح ریڈیو پاکستان کے ارباب و اختیار بھی یہ کہہ کر اپنی جان ہرگز نہیں چھڑا سکتے کہ ان کے وسائل محدود ہیں‘ وسائل پیدا کرنا محکمے کے سربراہوں کی ذمہ داری ہے ، ملازمین تو اپنا حق چاہتے ہیں جو انہیں ہر حال میں دینا پڑے گا انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف ، وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تاخیر ریٹائرڈ ملازمین کی کمیوٹیشن کی رقم کی فوری اور ماہانہ پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔


