سمری آئے نہ آئے، ایک دو دن میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوجائے گا، وزیر داخلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری آئے یا نہ آئے، ایک دو دن میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ ایک بیان میں رانا ثناءنے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل آج شروع ہوگیا جو ایک دو روز میں مکمل ہوجائے گا، وزیراعظم ہاو¿س نے سمری طلب کی ہے وزارت دفاع نے بھجوانی ہے۔رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ 18نومبر کو ایک وجہ تھی، ایک افسر کی ریٹائرمنٹ ہونا تھی، جو نام جی ایچ کیو سے آئیں گے انہیں ناموں سے تعیناتی ہوگی، میرا خیال ہے کہ 22 یا 23 نومبر تک سمری آجائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا مارچ اب لانگ مارچ رہا نہیں اب وہ ایک اجتماع کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی احمقانہ سوچ ہے کہ اس طرح سے اس معاملے کو پریشرائز کر سکے گا، عمران خان کا مقصد تعیناتی پر اثر انداز ہونا ہے۔رانا ثنانے کہا کہ عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ہے وہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، سمری بھی آئے گی اور اس میں سے ایک نام بھی فائنل ہوگا، یہ ایک آدمی ادارے کو بلیک میل کر رہا ہے، یہ کہہ رہا ہے کہ ادارے کو سیاست میں گھسیٹوں گا آئینی حدود سے نکالوں گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اثاثوں سے متعلق تفصیل آج ہی کیوں لیک ہوئی؟ آج تفصیل لیک ہونے کے پیچھے بھی تو کوئی ڈیزائن ہوگا۔راناثنااللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی اجازت سے عدالت کے ذریعے باہر گئے تھے، جب علاج مکمل ہو جائے گا تو نواز شریف واپس آجائیں گے۔


