چیئر مین سینٹ کا وفاقی وزیر فخر امام سے رابطہ، چاغی، خاران، نوشکی اور واشک میں ٹڈی دل حملے کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصان پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر برا ئے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام سے رابطہ کیا جسمیں بلوچستان کے اضلاع چاغی، خاران، نوشکی اور واشک میں ٹڈی دل حملے کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصان پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کیڑے مار سپرے کیا جائے،علاقے کے کسان کافی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میں ٹڈی دل حملے کی وجہ سے اربوں روپے کی فصلیں تباہ ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹڈی دل حملے پر قابو پانے کے لئے مناسب حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے،وفاق اور صوبوں کو مل کر کام یو گا۔ انہوں نے کہاکہ جن کسانوں کا نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، ڈی پی پی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے لئے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی چئرمین سینیٹ کو یقینی دہانی کرائی۔ فخرامام نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ہوائی جہاز کے ذریعے سپرے کرائیں گے،ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی حمید نے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کر کے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں