بسیمہ سے اغواء ہونے والے کمشنر مکران ڈویژن کے گن مین ظہور کو فوری بازیاب کرایا جائے، بھائی نوید احمد
تربت(این این آئی)پانچ مارچ کو بسیمہ کے علاقے میں مسلح افراد کی جانب سے روڈ ناکہ بندی کے دوران اغوا ہونے والے کمشنر مکران ڈویژن کے گن مین ظہور ولد عزت کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ نے تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران مغوی ظہور کے بھائی نوید احمد نے اپنی والدہ، اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ظہور ولد عزت جو کہ کمشنر مکران ڈویژن کے گن مین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، پانچ مارچ کو بسیمہ کے مقام پر مسلح افراد کی روڈ ناکہ بندی کے دوران اغوا کر لیے گئے تھے اور اب تک ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ظہور کا تعلق تنزگ سے ہے اور اس وقت سری کہن میں مقیم تھے۔ اہلِ خانہ کئی دنوں سے شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ظہور کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔پریس کانفرنس کے دوران مغوی کی والدہ اور اہلیہ نے بھی آبدیدہ ہو کر حکام سے اپیل کی کہ ان کے پیارے کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے تاکہ خاندان کی پریشانی ختم ہو سکے۔اہلِ خانہ نے کہا کہ وہ پرامن شہری ہیں اور ان کا کسی سے کوئی تنازع نہیں، اس لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ظہور کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔


