فلسطینی صحافی کا قتل، الجزیرہ نے عالمی عدالت سے رجوع کرلیا، اسرائیل کا تعاون سے انکار

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) الجزیرہ ٹی وی نے رواں سال قتل ہونے والی فلسطینی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) سے رجوع کرلیا۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق صحافی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کا معاملہ بین الاقوامی فوجداری عدالت لے جانے کا فیصلہ ٹیلی ویژن نیوز نیٹ ورک کی قانونی ٹیم نے تحقیقات کے بعد کیا۔ الجزیرہ کی جانب سے آئی سی سی سے رجوع کرنے پر اسرائیلی وزیراعظم یائر لپید کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں سے متعلق کوئی تحقیقات نہیں کریگا، کوئی ہمیں اخلاقیات کا درس نہیں دے سکتا۔ واضح رہے کہ الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ 11مئی کو مغربی کنارے پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنیں جس سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق الجزیرہ کی خاتون صحافی پر گولی اسرائیلی فوج نے ہی چلائی جو ان کی موت کی وجہ بنی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں