پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی موجودگی کا امریکی الزام مسترد، بھارت ریاستی تخریب کاری میں ملوث ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) دفتر خارجہ نے پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی موجودگی کے حوالے سے امریکی الزامات مسترد کردیے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے حوالے سے امریکی الزامات مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طویل عرصے تک تخریب کاری کا سامنا کیا ہے جس میں بڑے جانی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ افغانستان اور پاکستان میں تخریب کاری کی پناہ گاہوں پر امریکی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں تخریب کاری کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں بلکہ پاکستان میں بھارت ریاستی تخریب کاری میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی ریاستی تخریب کاری کا نوٹس لے کیونکہ پاکستان خود ہی تخریب کاری کا شکار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث قوتوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔


