فلسطین، اسرائیلی فوجیوں کا جنین کیمپ پر دھاوا، 3 فلسطینی جاں بحق، متعدد زخمی و گرفتار

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کی جارحیت جاری، فائرنگ کرکے مزید تین فلسطینی نوجوانوں کو جاں بحق کردیا۔ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے علاقے جنین کیمپ پرصبح سویرے گھروں پر دھاوا بول دیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، اسرائیلی فورسزکی فائرنگ سے تین فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو علی الصبح جنین میں تین نوجوانوں کو گولیاں ماریں۔ جنین ابن سینا ہسپتال میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عطا شلابی، صدقی زکرانہ اور طارق دمیج کے ناموں سے کی گئی۔اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے مطلوبہ عسکریت پسندوں کی گرفتاری کیلئے جنین میں گزشتہ رات متعدد آپریشنز کیے جس میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں