برطانیہ میں شدید ترین سردی کی پیشگوئی، ٹرانسپورٹ سسٹم متاثر، فلائٹ آپریشن معطل
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیشگوئی کردی گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ شمالی برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ رات ہلکی برف باری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ برطانوی میڈیا نے بتایا کہ اگلے چند روز تک شدید سردی کی لہرجاری رہے گی اور برفباری کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب برطانوی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی نے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔ مانچسٹر میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد ٹرانسپورٹ سسٹم شدید متاثر ہوگیا ہے اور مانچسٹر ایئر پورٹ پر تمام فلائٹ منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق برف باری کے سبب رن ویز جزوی بند ہیں جبکہ ڈبلن ایئر پورٹ پر بھی برفباری کے سبب فلائٹ آپریشن جزوی معطل ہے۔


