پاکستان میں سیلاب متاثرین امداد نہ ملنے کے باعث شدید پریشانی سے دوچار ہیں، ترجمان اقوام متحدہ
نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک کا کہنا ہے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ اسٹیفن ڈوجارک نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے مسائل پر بریفنگ دیتے یوئے بتایا موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے مسائل بڑھ گئے۔ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ضروریات میں شدت آگئی ہے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر مزید وسائل کی ضرورت ہے۔ اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ 20 ملین سے زیادہ لوگ انسانی امداد پر انحصار کررہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں شروع ہورہی ہیں۔ 47 لاکھ سے زیادہ سیلاب متاثرین تک امداد پہنچا چکے ہیں۔ تقریباً 26 لاکھ لوگوں کو خوراک کی امداد ملی ہے۔ ایک لاکھ 25 ہزار بچوں کی تعلیم کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد کی۔ اسٹیفن ڈوجارک کا کہنا تھا کہ سیلابی علاقوں میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کے لیے اب بھی اسکول جانا ممکن نہیں۔ ابھی تک 81 کروڑ 60لاکھ ڈالر کے فلڈ رسپانس پلان کا صرف 23 فیصد موصول ہوا ہے۔


