بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے ایک روزہ بک اسٹال ختم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کی جانب سے ایک روزہ بْک اسٹال کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کے ترجمان نے کہا ہے کہ شال زون کی جانب سے ایک روزہ بک فیئر بمقام جناح لائبریری عدالت روڈ کوئٹہ میں منعقد کیا گیا تھا جس میں مختلف طبقہ فکر سے منسلک افراد جس میں طلباء و طالبات، اساتذہ، وکلا، سیاسی و سماجی ورکرز اور دیگر علم دوست لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے کتابیں خریدیں اور بی ایس ایف شال زون کے ساتھیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وہ قومیں جو قلم و کتاب کو اپنا ہتھیار بناکر علم و شعور سے آراستہ ہوجاتی ہیں اس قوم کو کوئی آنچ نہیں آتی اور نہ کوئی طاقت اس کو غلام بناسکتی ہے اور نہ کوئی اس کی ترقی و ترویج کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرسکتی ہے۔ اس لیے دنیا میں جتنی مہذب قومیں ہیں، ان کی ترقی اور بقا کے پیچھے جو اسباب مضمر ہیں ان میں علم و شعور کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ اسی چیز کو نظر میں رکھتے ہوئے بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون نے ایک روزہ کتابی میلہ منعقد کرکے کتب بینی کے پھیلاؤ اور اہمیت میں اپنے حصے کا دیا جلایا۔


