ہر شعبے میں خواتین کو مؤثر نمائندگی دینا ہوگی، خواتین کے پولیس کوٹے میں اضافہ کردیا، ڈی آئی جی کوئٹہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ خواتین کے پولیس کوٹے میں اضافہ کردیا گیا ہے،خواتین کی پولیس میں شمولیت کے لئے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ یہ باتیں انہوں نے بلوچستان وومن بزنس فورم کے زیر اہتمام منعقدہ بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان وومن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل، پاکستان وومن رائٹس ایسوسی ایشن کی سعیدہ بانونے بھی خطاب کیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی، خواتین نے تمام شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کے عمل کا آغاز کردیا ہے اور ہم خواتین کو پولیس میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خواتین ملکی آبادی کا نصف ہیں اور اس وقت ملک کے اہم عہدوں پر بطریق احسن فرائض سرانجام دے رہی ہیں، جس کی جتنی بھی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔ قبل ازیں مقررین نے کہا کہ ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر شعبے میں خواتین کو مؤثر نمائندگی دینا ہوگی اور اس کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ صوبے کی دستکاری اشیا نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پسند کی جاتی ہیں، تاہم قابل افسوس امر یہ ہے کہ اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات نہیں کیے گئے اگر صوبے کی دستکاری اشیا کو بین الاقوامی مارکیٹ پر متعارف کروایا جائے تو اس سے کثیر زرمبادلہ کے ساتھ سینکڑوں گھرانوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہوسکتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے کا مقصد خواتین کی خدمات کو سراہانا ہے جو اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ تقریب میں اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں