ریکوڈک قانون سازی، فضل الرحمن اور اختر مینگل کا اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کا اظہار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کی ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کرتے ہوئے قانون سازی کے بعد مشترکہ سیاسی حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیرملکی سرمایہ کاری تحفظ و فروغ بل کو اٹھارویں ترمیم کے خلاف قرار دیا۔ ریکوڈک سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر حکومت کے اہم اتحادی سردار اختر مینگل حکومتی رویے سے سخت نالاں نظر آئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی پر غور و مشاورت شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے سردار اختر مینگل نے 15 دسمبر کو پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ وفاقی حکومت سے علیحدگی پر بھی پارٹی رہنماؤں کے درمیان مشاورت ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری و تحفظ بل پر اعتماد میں نہ لینے پر بھی سردار اختر مینگل ناراض ہیں۔ سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر ساتھ دینے سے انکار اور تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔


