ملک کو گزشتہ سات دہائیوں سے واحدانی طرز سے چلایا جارہا ہے،نیشنل پارٹی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا کہ جنرل مشرف کی تشکیل کردہ جماعت مسلم لیگ (ق)کے رہنما کی جانب سے قومی وحدتوں کے وزرائے اعلی کے حوالے سے ناشائستہ الفاظ استعمال کر کے وفاق پاکستان میں بسنے والی قوموں کی توہین کی ہے انہوں نے کہا ہر سال23 مارچ کو قرارداد پاکستان (جوکہ تاریخ میں قرارداد لاہور کے نام سے جانی جاتی ہے)کوسرکاری طور پر منانے والی جماعت کے سربراہ کی طرف سے قومی وحدتوں کے وزرائے اعلی کو صوبے دار کہہ کر مخاطب کرناانکی بالادست قومی ذہنیت کی عکاسی ہے، جان محمدبلیدی نے کہا قرارداد لاہور میں خوداختیارقوموں کے رضا کارانہ وفاق کی بات کی گئی ہے،لیکن افسوس کی بات ہے کہ ملک کو گزشتہ سات دہائیوں سے واحدانی طرز سے چلایا جارہا ہے اورقوموں کے حق حکمرانی اور وسائل پرانکے اختیار کوصلب کیاجارہا ہے،لوٹ مار کے اس نظام کوجاری رکھنے کے لیے چوتھائی صدی تک عوام کوووٹ کے حق سے محروم رکھاگیا اور ملک کو بغیرآئین کے یعنی ڈکٹیٹروں کی طرف سے جاری کردہ حکم ناموں کے ذریعے چلایا جاتا رہا جسکے نتیجے میں ملک دولخت ہوگیا اور اب بھی حالت یہ ہے کہ1973کے متفقہ دستور کوپس پشت ڈال کرملک میں بسنے والی قوموں کے وسائل پران کااختیار اورحق حکمرانی کومکمل طور پرغصب کرنے کے لیے نت نئے بہانے تلاش کیئے جارہے ہیں،خیرات میں ملی ہوئی دوچارنشتوں پرکھڑی ہوئی حکومت کبھی 18ویں آئینی ترمیم کے خلاف ہرذاسرائی کرتی ہے اورکبھی اپنے سیاسی مخالفین کی حکومت کوختم کرنے کے لیے گورنر راج کے شوشے چھوڑے جاتے ہیں،اب حکومت کی ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی طرف سے قومی وحدتوں کے وزائے اعلی کیحوالے سے ناشائستہ الفاظ ان کی قوم دشمن سوچ کی عکاسی کرتا ہے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے مزیدکہاکہ تحریک انصاف اوراسکے اتحادیوں کی حکومت ملکی تاریخ کی سب سے ذیادہ ناکام اورکرپٹ حکومت ہے، انہوں نے کہا ملک کی اکثریتی آبادی مزدوروں، کسانوں اورغریب ترین مفلوک الحال لوگوں پرمشتمل ہے اورآبادی کایہ بڑاحصہ کروناوائرس کی وجہ سے بھوک،ننگ اور کسمپرسی کاشکارہے اوریہ حکومت انکے دکھوں کا مداوا کرنے کے بجائے غیرجمہوری،غیرآئینی اورعوام دشمن ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، جان محمد بلیدی نے کہا نیشنل پارٹی حکومت کے کسی بھی ایسے اقدام کے خلاف مزاحمت کرے گی جس کامقصد 18ویں ترمیم کیساتھ چھیڑچھاڑیاجمہوری عمل کوثبوتاژ کرناہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں