پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ، لاہور میں اترنے والی پرواز کا پہیہ غائب نکلا

ویب ڈیسک : ایک غیر معمولی واقعے میں بدھ کی شام کراچی سے پی آئی اے کی ایک ایسی ڈومیسٹک پرواز نے لاہور میں لینڈ کیا جس کا ایک پہیہ غائب تھا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ’پی کے 306‘ کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر معلوم ہوا کہ طیارے کے پچھلے چھ پہیوں میں سے ایک غائب ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پرواز ’پی کے 306‘ کراچی سے روانہ ہوئی اور شیڈول کے مطابق لاہور میں ہموار لینڈنگ کی۔انہوں نے کہا کہ ’مسافر معمول کے مطابق پرواز سے اترے۔ تاہم فلائٹ کیپٹن کی جانب سے واک اراؤنڈ معائنے پر یہ بات سامنے آئی کہ مین لینڈنگ گیئر (پچھلے) پر چھ پہیوں والی اسمبلیوں میں سے ایک غائب ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’معیاری پرواز کے طریقوں کے مطابق یہ معاملہ پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی اور اے اے آئی بی کی ٹیموں کے سامنے اٹھایا گیا ہے جو معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور اپنی رپورٹ پیش کرنے کے عمل میں ہیں۔‘ترجمان نے کہا کہ ہوائی جہاز کو خاص طور پر اس طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور کسی بھی موقع پر سامان یا مسافروں کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں