خواجہ آصف کو بلوچستان واقعے پر استعفیٰ دینا چاہیے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف وفاق کی ناکامی چھپانے کےلیے خیبر پختونخوا سے متعلق گمراہ کن بیان دیا، انہیں تو بلوچستان واقعے پر استعفیٰ دینا چاہیے۔پشاو ر سے جاری بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خواجہ آصف کا خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کا بیان گمراہ کن ہے۔انہوں نے کہا کہ الزامات کا مقصد وفاقی حکومت کی ناکامی چھپانے کی کوشش ہے، خواجہ آصف کسی ایک دہشت گرد کی نشاندہی کریں جو کے پی میں بسایا گیا ہو۔مشیر اطلاعات نے استفسار کیا کہ وزیر دفاع کو دہشت گردوں کے بسائے جانے کا علم ہے تو کارروائی کیوں نہیں کرتے؟اُن کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ وزیر دفاع حساس مسئلے پر سیاسی بیان بازی کر رہے ہیں، خواجہ آصف کو بلوچستان واقعہ پراستعفیٰ دینا چاہیے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ بہتر ہوگا کہ خواجہ آصف فارم 47 پر معذرت کریں، انہیں تو ریحانہ ڈار سے بھی معافی مانگنی چاہیے۔