حق دو تحریک کے کارکنان کا اسلحہ کیساتھ سمندر میں گشت، حکومت ناکام ہوگئی، ٹرالر مافیا کو خود روکیں گے، ہدایت الرحمن
گوادر (بیورو رپورٹ) لالا حمید چوک پر منعقدہ حق دو تحریک کے دھرنے کو 52 دن مکمل ہوگئے۔ حکومت مذاکرات کے لیے تاحال غائب، رات کو شدید سردی میں بھی لوگوں کا جوش و خروش برقرار۔ حق دو تحریک کا ٹرالر مافیا کیخلاف اعلان جنگ ٹرالر مافیا کیخلاف حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے کارکنان کے ہمراہ اسلحہ اٹھا لیا اور اورماڑہ کے مقام پر گہرے سمندر میں ٹرالروں کی تلاش جاری۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے کہاکہ ٹرالر مافیا نے سمندر کو تاراج کرلیا ہے ماہیگر نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں لیکن ان ٹرالر مافیا کو روکنے میں حکومت بلوچستان، محکمہ فشریز، کوسٹ گارڈ، میرین سیکورٹی ایجنسی مکمل ناکام و بے بس ہوچکے ہیں، اگر ٹرالروں کو پکڑنا سرکار کے بس کی بات نہیں تو غیرت مند بلوچ اپنے سمندر کی خود حفاظت کرینگے اور سمندر کو تاراج ہونے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ھم گزشتہ باون دن سے دھرنے میں بیٹھے ہیں لیکن وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے۔ حکومت کو ہمارے پاس آنے اور ہم سے بات کرنے میں جتنے زیادہ وقت اور دن لگیں گے، ہمارا احتجاج بھی روز بروز سخت تر ہوگا کیونکہ حق دو تحریک کا احتجاج ناکام ہونے کے لیے نہیں ہے۔ ہم نے احتجاج کامران و کامیاب ہونے کے لیے کیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت ہمارے ساتھ ہے، ہم ضرور کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں اور ہمیں پاکستان کی 1973ء کی بنائی گئی آئین بھی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ریاست خود ہمیں ہمارا حقوق دیتا لیکن یہاں گونگے بہرے لوگوں کی حکمرانی ہے اور یہاں ان لوگوں کی حکمرانی ہے، جو عوام کے نمائندے نہیں ہیں اور نہ ہی انکو عوام نے اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے بلکہ انکو ٹھپہ لگا کر عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران سنجیدہ نہیں ہوں گے اور ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کریں گے، ہمارا احتجاج جاری و مزید سخت رہیگا۔


