23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑیں گے، 27 کلو میٹر کی حکومت گر جائیگی، بابراعوان

اسلام آباد(انتخاب نیوز )پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمر ان خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑیں گے، 27 کلو میٹر کی حکومت گر جائے گی۔اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جھوٹے مقدمات تھے، ایک مقدمہ سینیٹر اعظم سواتی اور دوسرا عمران خان کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے جج صاحب کے سامنے اعظم سواتی پر ہونے والے ظلم سے آگاہ کیا جبکہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 10 جنوری تک توسیع ہو گئی ۔ بابر اعوان نے کہا کہ پراسیکیوٹر کہتے ہیں کہ بحث کرنی ہے اور بعد میں جج کے ٹرانسفر آرڈر آجاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جب بھی پاکستان کی حکومتیں ٹوٹنے کی بات ہو تو خوشی ہوتی ہے مگر پی ڈی ایم خوفزدہ ہے، عمران خان پر حملہ ہوا کیونکہ ڈر تھا کہ عمران خان اسلام آباد آیا تو انہیں گھر جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین نے کہا استعفیٰ دیں گے، سپیکر قومی اسمبلی بھاگ رہے ہیں، 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑیں گے، 27 کلو میٹر کی حکومت گر جائے گی۔ بابر اعوان نے کہا کہ یہ کہتے تھے 6 ماہ میں پاکستان کو اٹھا دیں گے، کہاں گئی امداد جو باہر سے آئی، سیلاب زدہ افراد کی امداد کے بجائے جہاز سیاسی افراد کے لئے اڑائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مولانا صاحب کے جلوسوں میں امدادی ٹینٹ کارپٹ کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ معیشت، ایوان، قانون سمیت تمام معاملات کا پی ڈی ایم نے بیڑا غرق کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں