لسبیلہ کی یوسیز میں خسرے کی وبا پر وزیراعلیٰ کا نوٹس، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی جانب سے ضلع لسبیلہ کے سیلاب متاثرہ یوسی کرشیخ میں خسرے کی وبا سے چاربچوں کی اموات کا فوری نوٹس لینے کے بعد امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر قمرالحق رونجھو اورڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ میں شامل پارٹنر آرگنائزیشن پی پی ایچ آئی کے طبی عملے کی معاونت سے متاثرہ یونین کونسل میں کیمپ قائم کرلیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کی ٹیم نے متاثرہ یونین کونسل میں خسرے کے تدارک اور متاثرہ بچوں کی ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر لسبیلہ کا کہنا ہے کہ خسرے سے متاثرہ یونین کونسل میں 100 سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کردی گئی ہے، مزید تین ٹیمیں دیگر ویلیجز میں ویکسینیشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی نے حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں سیلاب متاثرہ ویلیج سے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل ریفر کیے گئے، متاثرہ بچوں کی عیادت اور طبی سہولیات فراہمی کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے عملے اور ڈی ایچ اوکو ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہمی اور متاثرہ یونین کونسل میں انسداد خسرے کی ویکسینیشن کا عمل فوری تیز کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں