کابل، کھلاڑیوں کی جانب سے غیر اسلامی لباس پہننے پر فٹبال میچ رکوا دیا گیا
کابل (انتخاب نیوز) افغانستان میں افغان حکام نے کھلاڑیوں کی جانب سے غیر اسلامی لباس پہننے پر فٹبال میچ رکوا دیا۔غیرملکی میڈیا کے ذرائع کے مطابق افغان شہر بامیان کے شاہد مزاری اسٹیڈیم میں دو ٹیموں کے درمیان فٹبال میچ جاری تھا کہ افغان حکام کی جانب سے اچانک میچ رکوا دیا گیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ افغان فورسز نے کھلاڑیوں سے کہا کہ انہوں نے ‘اسلامی لباس’ کے ضوابط کی پابندی نہیں کی اس لیے میچ روک دو۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ کھلاڑیوں نے اسپورٹس جرسی، شارٹس، موزے اور جوتے پہنے ہوئے تھے۔ اس وقت فٹبال گراؤنڈ میں موجود ایک ذرائع نے بتایا کہ افغان حکام کی جانب سے میچ روک دیا گیا تھا اور تمام کھلاڑیوں کو ان کے غیر اسلامی لباس کی وجہ سے اسٹیڈیم چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق افغان حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کھلاڑی اب غیر اسلامی لباس میں فٹ بال نہیں کھیل سکتے۔


