کورونا ٹیسٹ فری اور ہر ایک کی پہنچ میں نہیں ہوتا مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آئے گی ,مولانا عبدالحق

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جب تک کورونا ٹیسٹ فری اور ہر ایک کی پہنچ میں نہیں ہوتا مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آئے گی۔کورونا ٹیسٹ اتنا مہنگا ہے کہ کسی غریب کے بس کی بات نہیں اور اگر کسی گھر کے چار پانچ افراد ہیں تو وہ چالیس پچاس ہزار روپے کہاں سے لا سکتا ہے۔

کورونا کی پراسراریت تاحال برقرارہے عیدکے آتے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کیساتھ مہنگائی کا طوفان بھی بڑھ گیا ہے حکومت،قیمتیں کنٹرول کرنے والے ادارے تماشائی کامنفی کردارادا کررہے ہیں جس کی وجہ سے مساکین کی مشکلات میں بدترین اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ کرونامریضوں کے ساتھ ہمدردی اور خیر خواہی کا رویہ اپنانا ہوگا تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔قوم اس وبا سے بچنے کیلئے توبہ و استغفار کا رویہ اختیار کرے،کرپشن،ملاوٹ،جھوٹ اوربدیانتی سے توبہ کرکے خوف خدا اور تقویٰ کی روش اختیار کرنا ہوگی آج دنیا بھر کی سپر طاقتیں کورونا کے معمولی وائرس کے سامنے بے بس ہیں،

ان طاقتوں نے دنیا بھر میں انسانوں خاص طور پر مسلمانوں پر زندگی تنگ کر رکھی تھی اور لاکھوں معصوم انسانوں کا خون بہا یا۔اللہ کے نظام کا مذاق اڑانے والوں کو آج کچھ سجھائی نہیں دے رہا۔ اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ پاکیزہ خاندانی نظام کو تباہ کرکے ہم جنس پرستی کا شرمناک طریقہ اختیار کیا۔دنیا بھر کے وسائل پر غاصبانہ قبضہ کیا اور غریب ملکوں کو سودی قرضوں کے نیچے دبا کر ان کے عوام پرغربت اور تنگ دستی مسلط کی۔انہوں نے کہا کہ جب حق کے مقابلے میں ظلم و جبر بڑھ جائے تو پھر اللہ تعالیٰ کا قانون حرکت میں آتا ہے اور ظالموں کو بچ نکلنے کا موقع نہیں ملتا۔ حق و باطل کا معرکہ ابد سے ہے اور ازل تک جاری رہے گا

۔وہ لوگ خوش قسمت اور اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ ہیں جو تمام تر پریشانیوں اور مشکلات کے باوجود حق کا ساتھ نہیں چھوڑتے اور حق کے مورچے میں بیٹھ کر باطل کا مقابلہ کرتے ہیں جبکہ اللہ کے غضب کا نشانہ بننے والے لوگ انتہائی بدقسمت ہیں جو باطل کے لشکر میں شامل ہوکر حق کو مٹانے کیلئے لڑتے ہیں آخری پیغمبر ﷺ کی امت ہونے کے ناطے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا چاہئے اور پوری انسانیت تک حق کا پیغام پہنچانا چاہئے جو قرآن و سنت کی شکل میں ہمارے پاس محفوظ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں