بلوچستان میں یونیورسٹیوں کی مالی مشکلات دور کرکے معیاری تعلیم فراہم کریں گے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں یونیورسٹیوں کی مالی مشکلات دور کرنے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی بلا تعطل جاری وساری رہے۔یہ بات ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختاراحمدنے یونیورسٹی آف بلوچستان کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان کی مالی معاملات کے بارے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کی جائیگی تاکہ یونیورسٹی ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی فراہمی میں کوئی مسئلہ پیش نہ آئے۔ انہوں یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی مالی معاملات اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے دور دراز اور تعلیم کے دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کے طلباء کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔گزشتہ چند سال میں بھی تعلیم کے معاملے میں سب سے زیادہ توجہ بلوچستان پر دی گئی اور ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے یونیورسٹی کیمپس کے قیام میں اولیت بلوچستان کو دی گئی ہے جس میں سے دس کیمپس بلوچستان میں ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن نے ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ قبل ازیں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان نے چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی کی کارکردگی اور مالی معاملات کے بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ممبران اور یونیورسٹی آف بلوچستان کی تمام فیکلٹیز کے سربراہان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں