گوادر لاپتہ کیے گئے افراد کو بازیاب کیا جائے، جماعت اسلامی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان ڈاکٹرعطا الرحمان،امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی،عبدالمجید سربازی نے کہاکہ گوادر سے گرفتار افرادکے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ،مقدمات فوری ختم کرکے انہیں رہا ولاپتہ کیے گیے افراد کو منظر عام پر لائی جائے۔بے گناہوں کے خلاف غلط مقدمات قائم کرکے حکومت انتظامیہ قانون کی خلاف ورزی کرکے گولی وطاقت کی زبان استعمال کررہے ہیں وکلا کا تعاون مثالی ہے جس پر جماعت اسلامی اور حق دو تحریک وکلا برادری کے مشکور ہیں گوادر دھرنا ختم نہیں ہوا وزیر داخلہ،پولیس سربراہ،مقامی انتظامی آفیسرزغلط غلط فہمی میں بے بنیادپروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر سے گرفتارکیے گیے حق دوتحریک کے قائدین حسین واڈیلا ودیگر ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ جب تک حکمران،سیکورٹی فورسز،منتخب نمائندے عوام سے رویہ ٹھیک نہیں کریں گے بلوچستان کے حالات ٹھیک نہیں ہوگی۔گوادر دھرنا ختم ہونے کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔گوادر گوادرکے شہریوں کا ہے بلوچستان بھی بلوچستان میں رہنے والوں کا ہے باہر سے آکر بلوچستان یا گوادر کے عوام پر حکمرانی کرنے والے حالات کو خراب کررہے ہیں ماؤں بہنوں پر تشدد،بے گناہ معصوم افراد کی گرفتاری،مقدما ت،چادر چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے والے حالات ٹھیک کررہے ہیں یا مزید دہشت گردی،نفرت وبدامنی پیداکررہے ہیں ۔جبری گرفتاری،مقدمات،تشدد،خواتین کو زخمی کرنے سے حالات خراب کرنے والوں کے خلاف اہل بلوچستان متحد ہے۔حکمران دہشت گردوں سے تو بات چیت ومذاکرات کرتے چلے آرہے ہیں لیکن حق دوتحریک کے خلاف گولی ولاٹھی اورتشددکا راستہ اپناکر حالات ٹھیک کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔منشیات،شراب،ٹرالر مافیاز،رشوت وبھتہ خوری کا خاتمہ روزگار ساحل وبارڈرپر قانونی کاروبارکے مطالبات کس قانون کے تحت غلط ہیں انشا اللہ پوری قوم،وکلا باشعور کارکنان حق دوتحریک کیساتھ ہے جلد مقدمات ختم کرکے قائدین کو رہائی مل جائیگی اور دھرنا دوبارہ شروع ہوگا۔


