اسرائیلی غاصبانہ تسلط کے خاتمے تک مزاحمت جاری رکھی جائے گی، حماس
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی تحریک مزاحمت( حماس )نے کہا ہے کہ ہمارے ملک اور مقدسات پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے تک جامع مزاحمت جاری رکھی جائے گی ، شہدائے فلسطین آزادی اور حق واپسی کے راستے پر روشنی کا مینار بنے رہیں گے۔حماس نے فلسطینیوں کے یوم شہدا ء پر ایک بیان میں کہا شہدا کے قافلے جو ہر روز چڑھتے ہیں وہ روشنی کی کرن بنے رہیں گے جو ہمارے عوام کی آزادی اور حق واپسی کے پروگرم میں راہیں روشن کرتے رہیں گے۔حماس نے کہا کہ ہم ان شہدا کے خون اور قربانیوں کے ساتھ ان کے جامع مزاحمت کے راستے پر چلتے ہوئے اس وقت تک وفادار رہیں گے جب تک ہماری سرزمین اور القدس سے قابض ریاست کے تسلط آزاد نہیں ہوجاتا اور دشمن کو شکست نہیں دی جاتی۔ حماس نے کہا کہ قابض فوج کا 373 سے زائد شہدا کی لاشوں کو مسلسل تحویل میں رکھنا ایک جرم اور تمام بین الاقوامی اصولوں، قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔حماس نے کہا کہ فلسطینی شہدا کے جسد خاکی قبضے میں رکھنا اسرائیل کی نسل پرستی اور فلسطینیوں کو بلیک میل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔


