جنیوا ڈونرز کانفرنس، سیلاب سے متاثرہ پاکستان کیلئے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد دینے کا وعدہ

جنیوا (مانیٹرنگ ڈیسک) جنیوا کانفرنس میں سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے لیے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستان کو پہلے مرحلے میں 8 ارب ڈالر درکار ہیں۔ پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈکے شہر جنیوا میں موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کے لیے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں عالمی اداروں اور ممالک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کی بحالی کے لیے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد وبحالی کے لیے عالمی سطح پرکوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلے پلینری سیشن میں پاکستان کے لیے 8 ارب 57 کروڑ ڈالرکے وعدے کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ 350 ارب ڈالرکی معیشت والے پاکستان کو ملک میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد سے شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچانے کے ساتھ معیشت کو بھی شدید دھچکا پہنچایا، سیلاب میں جہاں 1700 انسانی جانوں کا ضیاع ہوا وہیں 16 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا، جس میں سے آدھی رقم پاکستان اپنے وسائل سے حاصل کرے گا۔ عالمی اداروں اور ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے امداد کے وعدے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افرادکی بحالی کے لیے 8 ارب ڈالرکی امدادکی اپیل کے بعد کیے گئے ہیں۔ عالمی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے 6 ارب ڈالر سے زائد فراہم کرنیکا وعدہ کیا گیا ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ تین سال میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر فراہم کریگا جبکہ عالمی بینک نے پاکستان کو دو ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، ان کے علاوہ امریکا، چین اور دیگر ممالک نے بھی پاکستان کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں