بلوچستان، حب میں اقتصادی زون سے روزگار کے 90 ہزار مواقع پیدا ہوں گے

اسلام آباد:حب، بلوچستان کے خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کے قیام سے روزگار کے 90 ہزار مواقع پیدا ہوں گے، قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی، علاقہ میں صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا۔ حب کے خصوصی اقتصادی زون کے ورکنگ پیپر کے مطابق وفاقی حکومت کی کاروباری و صنعتی سہولیات و آسانی کی پالیسی کے تحت سنٹرل ورکنگ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) منصوبہ کی منظوری دے چکی ہے۔خصوصی اقتصادی زون کے قیام سے علاقہ میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ ورکنگ پیپر کے مطابق صنعتی زون میں 211 صنعتی یونٹس لگائے گئے ہیں جن سے 90 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ان میں سے روزگار کے 15 ہزار مواقع براہ راست پیدا ہوں گے جبکہ 75 ہزار دیگر افراد کو بالواسطہ روزگار ملے گا۔کسی بھی ملک کی معاشی نمو میں صنعتی شعبہ کی تیز تر ترقی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بلوچستان میں حب کے اہم سٹرٹیجک مقام پر چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت قائم کیا جانے والا خصوصی اقتصادی زون علاقہ کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی اضافہ ہو گا۔ وفاقی حکومت کی حکمت عملی کے تحت منصوبہ کی تکمیل سے صنعتی اور مالی فوائد کے ساتھ ساتھ معاشی اور سماجی ترقی میں بھی اضافہ ہو گا۔#/s#

اپنا تبصرہ بھیجیں