مونس الہٰی آٹے کے پیسے بکسے میں بھرکر ملک سے فرار ہوگئے، رانا ثنا اللہ

لاہور (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے الزام لگایا ہے کہ مونس الہٰی آٹے کے پیسے بکسے میں بھرکر ملک سے فرار ہوگئے، فارن فنڈڈ فتنے نے پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے لاہور ہائی کورٹ سے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتمادکے ووٹ پر جلد فیصلہ کرنیکی درخواست کی اور کہا کہ یہ لوگ روزانہ کی بنیادوں پر اربوں روپے کی کرپشن کررہے ہیں، ہماری استدعا ہے کہ انہیں مزید مہلت نہ دی جائے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اقلیتی حکومت ہے، ان کے پاس 186 نمبر نہیں ہے، ان کے چھ سات افراد بیرون ملک ہیں، ان کے بندوں کے بیرون ملک جانے کا ریکارڈ ہمیں معلوم ہے، 175 افراد جمع کرکے 186 کا ڈراما ایک اور فراڈ ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت سے لے کر یہاں تک لوٹ مار کا بازار گرم ہے، مونس الٰہی آٹے کے پیسے بکسے میں بھرکر ملک سے فرار ہوگئے، فرنٹ مین عنایت لک کروڑوں روپے کما رہا ہے اور آگے بھی پہنچا رہا ہے، اینٹی کرپشن میں ایک سفید داڑھی والے نے لوٹ سیل لگائی ہوئی ہے، ایک ایک دن پنجاب کے عوام پربھاری پڑ رہا ہے، عدالت عالیہ جلد فیصلہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں